لاہور۔9فروری (اے پی پی):قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے، ٹی ٹونٹی سیریز میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے، محمد رضوان اور فہیم اشرف ٹیم کا اہم ستون بن کر ابھرے ہیں۔ منگل کو میڈیا سے بات کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے طویل عرصہ کے بعد پاکستان کا دورہ کیا، ہوم سیریز ہمارے لئے بڑی اہمیت کی حامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ میرا فوکس صرف کھیل پر ہوتا ہے، دبائو صرف اچھا پرفارم کر کے جیتنے کا تھا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، لوئر آرڈر نے اچھا پرفارم کیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد رضوان اور فہیم اشرف کو ٹیلنٹ کی وجہ سے ہی ساتھ لے کر چل رہے تھے جو انہوں نے ثابت کیا ہے، دونوں کھلاڑی موجودہ ٹیم کے اہم ستون ہیں، دونوں تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہے ہیں، قومی ٹیم کو طویل عرصہ سے 7ویں نمبر پر آل رائونڈر کی ضرورت تھی جسے فہیم اشرف نے پورا کردیا۔ مصباح الحق نے کہا کہ سیریز میں کامیابی فیلڈنگ کی وجہ سے ملی، اس سیریز میں فیلڈنگ میں بہتری نظر آئی، کھلاڑیوں نے چانس ضائع نہیں کئے۔ مصباح الحق نے مزید کہا کہ جیت سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے، ٹی ٹونٹی سیریز میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔ ہمارے کھلاڑی زیادہ تجربہ کار نہیں ہیں لیکن بہت باصلاحیت ہیں، وہ موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ ہمارے اوپنرز فارم میں نہیں ہیں، انہیں اعتماد دینے کی ضرورت ہے، ان کی خامیاں دور کرنے کے لئے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھی موجود ہوں گا، ہم اپنے اوپنرز کو ضائع نہیں کر سکتے ۔ عابد علی، شان مسعود، عمران بٹ اور عبداللہ شفیق کے علاوہ کوئی پرفارم کرتا ہوا اوپنر نظر نہیں آرہا اس لئے ان پر کام کریں گے۔ مصباح الحق نے کہا کہ قومی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے فٹنس کے معیار پر پورا اترنا ہوتا ہے۔ اعظم خان اور شرجیل خان کو فٹنس کے حوالے سے پیغام پہنچ چکا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ کیسے اس معیار پر پورا اترتے ہیں۔