اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل کے نام خط میں انہیں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے خط میں کہاکہ بھارت کی طرف سے 5 اگست 2019 کو زیرتسلط جموںوکشمیر میں مسلط کیے گئے تمام غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات بشمول زیرتسلط علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں اقوام متحدہ کے چار، سلامتی کونسل کی قراردادوں اوربین الاقوامی قانون سمیت چوتھے چینیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
وزیر خارجہ کے خط میں کہا گیا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے تنازعہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔