جنوبی بحیرۂ چین میں ڈوبنے والے ویتنامی جہاز کے 48 بچ جانے والے افراد وطن روانہ

جنوبی بحیرۂ چین میں ڈوبنے والے ویتنامی جہاز کھوئی نگوین 18 سے بچ جانے والے 48 افراد وطن واپس روانہ ہو گئے

ہنوئی۔28جولائی (اے پی پی):جنوبی بحیرۂ چین میں ڈوبنے والے ویتنامی جہاز کھوئی نگوین 18 سے بچ جانے والے 48 افراد وطن واپس روانہ ہو گئے ۔ شنہوا کے مطابق ویتنام کی وزارتِ خارجہ نے شہریوں کے تحفظ سے متعلق تازہ بیان میں کہا ہے کہ تلاش و امدادی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 48 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔وزارتِ خارجہ کے مطابق چینی حکام کی جانب سے طبی امداد فراہم کیے جانے کے بعد تمام بچ جانے والے افراد کو ویتنامی حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ویتنامی حکام کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ویتنامی پرچم بردار جہازکھوئی نگوین 18 میں 62 افراد سوار تھے۔ یہ جہاز نامساعد موسمی حالات کے باعث جنوبی بحیرۂ چین میں نانشا جزائر کے قریب یونگ شو ریف کے نزدیک ڈوب گیا تھا۔