چیچہ وطنی، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پرغفلت کے مرتکب کنٹریکٹرز کے خلاف تھانہ فرید ٹاؤن میں مقدمہ درج

ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کی جان و مال کو خطرات سے دوچار کرنے والے غفلت کے مرتکب کنٹریکٹرز کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تھانہ فرید ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

چیچہ وطنی۔ 28 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کی جان و مال کو خطرات سے دوچار کرنے والے غفلت کے مرتکب کنٹریکٹرز کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تھانہ فرید ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر واسا کی مدعیت میں درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کی بہتری کے لیے کی جانے والی کھدائی کے بعد حالیہ بارشوں سے متعدد مقامات پر گہرے اور پانی سے بھرے گڑھے شہریوں کے لیے خطرناک صورتحال اختیار کر گئے۔ متعلقہ کنٹریکٹرز کو متعدد بار ٹیلی فونک اور تحریری ہدایات کے ذریعے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے، کھدائی والے مقامات کو محفوظ بنانے اور مسائل فوری حل کرنے کا کہا گیاتاہم ان ہدایات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس سے شہریوں کی جان و مال کو خطرات لاحق رہے۔پولیس نے درخواست کی روشنی میں محمد افضل، ایم آر سی کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ اور عمران ایسوسی ایٹس جوائنٹ وینچر کے ذمہ داران کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق کی ہدایات پر عوامی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت یا لاپرواہی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔