حضرت داتا گنج بخش رحم اللہ علیہ کے عرس کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے

سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی خصوصی نگرانی اور ہدایات کے تحت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی خصوصی نگرانی اور ہدایات کے تحت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ترجمان محکمہ اوقاف کے مطابق عاشقانِ رسول اور حضرت داتا گنج بخش رحم اللہ علیہ کے لاکھوں عقیدت مند زائرین کے استقبال کے لیے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے 2 تا 4 اگست کو منعقد ہونے والے 983ویں سالانہ عرس مبارک کی بھرپور تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ترجمان کے مطابق زائرین کی سہولت، رہنمائی، سکیورٹی اور بہترین انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ ملک بھر اور بیرونِ ملک سے آنے والے ہر عقیدت مند کو پرسکون، محفوظ اور سہولت سے بھرپور ماحول میسر آ سکے۔

متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ زائرین کی خدمت، سہولت، صفائی، رہنمائی، پارکنگ، شٹل سروس، لنگر اور سکیورٹی سمیت ہر انتظام کو مثالی بنایا جائے اور کسی بھی زائر کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دربار شریف کے آدھے سے زائد حصے، بھاٹی گیٹ صحن اور گیٹ نمبر 1 اور 2 پر جاری تعمیراتی کام کے باعث جامع ٹریفک و داخلہ پلان جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق گلبرگ، ماڈل ٹاون، مال روڈ، گلشنِ راوی، یتیم خانہ اور چوبرجی سے آنے والے زائرین بلال گنج کے راستے گیٹ نمبر 5 اور 5-A جبکہ شاہدرہ، بادامی باغ، لاری اڈہ، بتی چوک، آزادی چوک اور اندرون لاہور سے آنے والے زائرین ذیلدار روڈ بھاٹی چوک کے ذریعے گیٹ نمبر 3 سے داخل ہوں گے، جبکہ خواتین کے لیے افتتاحی تقریب سے قبل گیٹ نمبر 4-A اور تقریب کے بعد گیٹ نمبر 4 مختص ہوگا۔

زائرین کی گاڑیوں کی پارکنگ، وضو اور واش رومز کی سہولیات مینارِ پاکستان، اسلامیہ ہائی اسکول موہنی روڈ، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ، سینٹرل ماڈل اسکول ریٹی گن روڈ، اسلامیہ کالج ہال سول لائنز اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن بلال گنج روڈ پر دستیاب ہوں گی، جبکہ محفلِ سماع رشید ائیرلائنز کمپلیکس (چوک سردار چپل فیکٹری، بلال گنج) میں منعقد ہوگی۔ ترجمان کے مطابق عام لنگر کی تقسیم فرنٹ پیازہ بالمقابل بھاٹی گیٹ، لنگر خانہ اور گیٹ نمبر 3 کے برآمدے میں کی جائے گی، جبکہ گھروں سے لنگر لانے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ٹیکسالی گیٹ، ٹھبہ بابا فرید اور شٹل سروس اور نمائندگان بھی موجود ہوں گے۔ مزید برآں بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے گڑھی شاہو، بادامی باغ، سمن آباد اور چوبرجی چوک سے چار مفت شٹل سروس روٹس فعال رہیں گے، جبکہ اختتامی اور خصوصی دعاں میں شرکت کے لیے فرنٹ پیازہ، پرندہ مارکیٹ اور ٹھبہ بابا فرید پر ایل ای ڈی/ایس ایم ڈی اسکرینز نصب کی گئی ہیں۔

مزید خبریں