وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے حکومت جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
پاکستان کو بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے حکومت جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
منگل کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے دورے کے موقع پر نیوز بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچاؤ اور عوام کو محفوظ بنانے کے لیے عالمی بینک کے تعاون سے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، حالانکہ عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں اس کا حصہ نہایت کم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے موسمیاتی موافقت، قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے، پانی کے بہتر انتظام، زرعی شعبے کی مضبوطی اور ماحول دوست ترقی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے صرف حکومتی اقدامات کافی نہیں، بلکہ عوامی شعور اور اجتماعی ذمہ داری بھی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں میں ماحول کے تحفظ، پانی کے محتاط استعمال، شجرکاری اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال سے متعلق آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور پائیدار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عالمی بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے ایسے منصوبوں کو آگے بڑھاتی رہے گی جو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات میں کمی، معاشی استحکام، ماحول دوست ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں معاون ثابت ہوں۔








