جنوبی چین کو 2023 کے دوران پاکستان کی برآمدات میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ

185
Pakistan's exports

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):جنوبی چین کو 2023 کے دوران پاکستان کی برآمدات میں 16 فیصد اضافہ ہواہے۔

جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز آف چائنا (جی اے سی سی) کے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے دسمبر 2023 کے دوران پاکستان سے جنوبی چین کو برآمدات کی مجموعی مالیت 973.21 ملین ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جو2022 میں836.645 ملین ڈالرتھی۔

صوبہ گوانگ ڈونگ نے 2023 میں پاکستان سے 379.011 ملین ڈالر کی اشیا درآمد کیں جبکہ صوبہ فوجیان نے 367.30 ملین ڈالر ،گوانگسی ژوانگ کی 86.790 ملین ڈالر کی اشیا درآمد کیں۔ 2023 میں صوبہ ہینان نے 56 فیصد اضافے کے ساتھ 85.883 ملین ڈالر کی اشیا درآمد کیں۔

واضح رہے کہ 2021سے2023 کے دوران چین کو پاکستان کی کل برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 1.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جنوبی چین کو برآمدات میں اضافہ پاکستان کی معیشت کے لیے فائدہ مند ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی عدم توازن کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔