جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم پاکستان کے خلاف چار میچوں پر مشتمل (ایف آئی ایچ )سے منظور شدہ بین الاقوامی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے اسلام آباد پہنچ گئی ہے
جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم پاکستان کے خلاف چار میچوں پر مشتمل (ایف آئی ایچ )سے منظور شدہ بین الاقوامی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئےاسلام آباد پہنچ گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم پاکستان کے خلاف چار میچوں پر مشتمل (ایف آئی ایچ )سے منظور شدہ بین الاقوامی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ یہ دورہ پاکستان ہاکی کے لئے ایک تاریخی سنگ میل ہے، کیونکہ تقریباً 20 سالوں کے بعد پہلی بار کسی بین الاقوامی ہاکی ٹیم نے رسمی دوطرفہ سیریز کے لئے پاکستان کا دورہ کیا ،یہ دورہ محفوظ اور پیشہ ورانہ ماحول میں عالمی سطح کے کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کی پاکستان کی صلاحیت پر بین الاقوامی ہاکی کمیونٹی کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ایف آئی ایچ سے منظور شدہ چاروں ٹیسٹ میچز 30 جولائی، 2 اگست، 4 اگست اور 7 اگست 2026 کو اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ یہ سیریز دونوں ٹیموں کو بین الاقوامی سطح پر بہترین تجربہ فراہم کرے گی اور آنے والے اہم عالمی مقابلوں کے لئے پاکستان کی تیاریوں میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا اور اس دورے کو پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کے لئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا یہ پاکستان ہاکی کے لئے ایک پرفخر اور یادگار موقع ہے۔ تقریباً دو دہائیوں کے بعد، ہم ایک بار پھر اپنے ہوم گراؤنڈز پر کسی بین الاقوامی ٹیم کا استقبال کر رہے ہیں۔ ہم جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ یہ سیریز معیاری بین الاقوامی ہاکی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط کرے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن حکومتِ پاکستان، متعلقہ سیکورٹی اداروں اور تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتی ہے جن کے تعاون سے یہ تاریخی دورہ ممکن ہوا۔ پی ایچ ایف نے ملک بھر سے ہاکی کے شائقین کو بڑی تعداد میں میچز دیکھنے اور قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کی دعوت دی ہے، کیونکہ پاکستان بین الاقوامی ہاکی کی دنیا میں اپنا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے ایک اور اہم قدم اٹھا رہا ہے








