اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):جنوبی یورپ کے ممالک کوپاکستان کے فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈکیاگیا، مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں جنوبی یورپ کو پاکستانی برآمدات میں 4.10 فیصداضافہ اور جنوبی یورپ سے درآمدات میں سالانہ بنیاد پر16.77 فیصد کمی ریکارڈکی گئی
سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے نومبرتک یونان،اٹلی،سپین اورجنوبی یورپ کے دیگرممالک کوبرآمدات سے ملک کو1.311 ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 4.10 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جنوبی یورپ کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو1.260 ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ نومبرمیں جنوبی یورپ کوبرآمدات کاحجم 245.74 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواکتوبرمیں 292.44 ملین ڈالراورگزشتہ سال نومبرمیں 243.11 ملین ڈالرتھا۔
مالی سال 2023 میں جنوبی یورپ کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو2.980 ارب ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں جنوبی یورپ کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیاد پر16.77 فیصد کمی ریکارڈکی گئی، جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں جنوبی یورپ سے درآمدات پر300.10 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 350.44 ملین ڈالرتھا۔
نومبرمیں جنوبی یورپ سے درآمدات کاحجم 87.44 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواکتوبرمیں 66.35 ملین ڈالراورگزشتہ سال نومبرمیں 67 ملین ڈالرتھا۔ مالی سال 2023 میں جنوبی یورپ سے درآمدات پر883.89 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔