جنوب مغربی ایشیا اور وسطی ایشیا کی منڈیوں میں پاکستانی فارماسیوٹیکل مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ، جام کمال خان

63
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ جنوب مغربی ایشیا اور وسطی ایشیا کی منڈیوں میں پاکستانی فارماسیوٹیکل مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ، برآمدات سے وابستہ تمام شعبوں کو درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں فارماسیوٹیکل کےشعبے کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دواسازی کی برآمدات بڑھانے کے لئے حکومتی تعاون پر بات چیت کی گئی ۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی دوا سازی کی پیداوار کا 95 فیصد مقامی ہے جس میں صرف 5 فیصد درآمدی ہے جو برآمدات میں اضافے کے لئے ایک اہم موقع کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ادویات کی برآمدات اس وقت 341 ملین ڈالر ہیں لیکن حکومتی حمایت سے یہ تعداد کئی ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے جدت سے چلنے والے اس شعبے کی ترقی کے لئے ایک مرکزی تنظیم کے طور پر فارما ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے قیام کی تجویز پیش کی۔ وفاقی وزیر تجارت نے پی پی ایم اے کے وفد کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں برآمدات کو بڑھانے کے لئے جامع تجاویز پیش کرنے کا کہا۔ جام کمال خان نے کہا کہ وزارت تجارت، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف ) کے ذریعے ضروری تعاون فراہم کرے گی۔