جنوری 2023تک پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مکمل کریں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

64
جنوری 2023تک پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مکمل کریں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
جنوری 2023تک پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مکمل کریں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا ہے کہ جنوری 2023تک پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مکمل کریں۔یہ بات انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی۔اجلاس میں چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصروفاقی وزیر ِ آئی ٹی سید امین الحق،سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی،سینٹ اور قومی اسمبلی کے سیکرٹریز سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔

بریفنگ کے دوران صدر صدرمملکت کو بتایا گیا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کو سائبر صلاحیتوں سے لیس کرنے کے منصوبے کا پی سی ون تیار ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز جنوری 2023 تک پارلیمنٹ کے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو نافذ کریں، سائبر صلاحیتوں کی حامل پارلیمنٹ سے حکومتی کارکردگی اورشفافیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی، سائبر صلاحیت کی حامل پارلیمنٹ منصوبے کو مقررہ وقت میں پورا کرنے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت نے کہا کہ اہم منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز مربوط انداز میں کام کریں، ڈیجیٹل پارلیمنٹ کے پی سی ون کی بروقت تشکیل پر وزارت آئی ٹی تعریف کی مستحق ہے، چئیرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے صدر مملکت کے سائبر پارلیمنٹ منصوبے کو سراہا۔

چئیرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے متعلقہ سیکرٹریز کوانفارمیشن ٹیکنالوجی کے تناظر میں اراکین کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔