جنگلی طوطوں کی غیر قانونی سمگلنگ وشکار میں ملوث 05ملزمان گرفتار ، 126زندہ طوطے برآمد، جرمانہ عائد

150

لاہور۔27جولائی (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پرڈائریکٹر جنرل جنگلی حیا ت و پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر قیادت جاری آپریشن کے نتیجے میں ضلع بہاولنگر کی تحصیل منچن آباد وبہاولنگر سے جنگلی طوطوں کی غیر قانونی اسمگلنگ اور شکار میں ملوث 05ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 126زندہ طوطے برآمد اور 02لاکھ35ہزار روپے جرمانہ کر کے پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیئے۔

ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع بہاولنگر منور حسین نجمی نے ٹیم کے ہمراہ تحصیل منچن آباد سے جنگلی طوطوں کے 03اسمگلرز گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 126زندہ طوطے برآمد اور وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کر کے ملزمان کی درخواست پر کیس کمپائونڈکر کے مجموعی طور پر 02لاکھ روپے کا محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول اور طوطے بہاولنگر چڑیا گھر کے باغ میں آزاد کر دیئے۔

اسی طرح ایک اورکارروائی میں وائلڈ لائف سٹاف نے منچن آباد اور بہاولنگر سے جنگلی طوطوں کے غیر قانونی شکار میں مشغول دو شکاریوں کو گرفتار کر کے انہیں 35ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیا۔