جنگلی پرندوں کے8غیرقانونی شکاریوں کے چالان، جرمانہ عائد

85
فوڈ سیفٹی ٹیموں کی41 معروف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ ، 1 بند 17کو 3لاکھ سے زائدکے جرمانے

لاہور۔10نومبر (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی ہدایت پر پنجاب میں ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس مدثر ریاض ملک کی زیر نگرانی صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار ،کاروبار اور قبضہ کےخلاف کارروائیاں جاری ہیں ، فالکن،فاختہ،میناسمیت جنگلی پرندوں کے8 غیرقانونی شکاریوں کے چالان کرکے انہیں بھاری جرمانے عائد کئے،2 ایئر گنز ضبط اور معاون شکاری پرندے قدرتی ماحول میں آ زاد کر دیئے۔

ترجمان کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف فیصل آ باد ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف جھنگ محمد اکرم شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فالکن کے غیر قانونی شکار میں ملوث2 شکاریوں کو گرفتار کرکے ان سے 2معاون شکاری پرندے کیسٹرل فالکن اور 2 جنگلی کبوتر برآمد کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا، عدالت نے ملزمان کو 40 ہزار جرمانہ کر کے معاون شکاری پرندے قدرتی ماحول میں آ زاد کرنیکا حکم دی۔

اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ٹوبہ ٹیک سنگھ عبدالرشیدنے ایئرگنز کےساتھ جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار میں مشغول 3شکاری گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 ذبح شدہ فاختائیں اور 2 ایئرگنز برآمد کرکے وا ئلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کر کے قانونی کارروائی شروع کردی ۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف فیصل آباد نمرہ رشید نے بھی مینا کے شکار میں مشغول 2 شکاریوں کا تعاقب کرکے ایک شکاری کو موقع پر گرفتار جبکہ دوسرا شدید دھند کے پیش نظر فرار ہو گیا۔ترجمان کے مطابق ایک شکاری کو 10ہزار روپے جرمانہ جبکہ دوسرے کےخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

اسی طرح وائلڈ لائف سٹاف گوجرانوالہ ریجن نے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں جنگلی پرندوں کے ایک غیر قانونی شکار ی کو گرفتار کرکے اسے 10 ہزار روپے جرمانہ کیا اور کیس نمٹا دیا۔