بیروت ۔25اکتوبر (اے پی پی):لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ لبنانی آئین اور دستور کے مطابق ہتھیار رکھنا صرف فوج کا اختیار ہونا چاہیے۔العربیہ کےمطابق لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے زور دیا کہ لبنان میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی دباؤ موجود ہے۔
انہوں نے لبنان کی حمایت کے لیے پیرس کانفرنس کے موقع پر اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جنگ بندی کے لئے بہت زیادہ بین الاقوامی دباؤ ہے۔ جنگ بندی کا فیصلہ اسرائیل کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہریوں کو امداد فراہم کرنے سے پہلے ان کا تحفظ ضروری ہے۔
اس لئے پہلے جنگ بندی اور پھر قرارداد 1701 پر عمل درآمد کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آئین کے مطابق لبنانی ہتھیار رکھنا فوج تک محدود ہونا چاہیے۔نجیب میقاتی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان گولہ باری اور بمباری کا تبادلہ جاری ہے۔