اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):جنگ ستمبر 1965ء کے شہداء کو قوم نے سلام پیش کیا ہے، 1965ء کی جنگ کے دوران جری جانبازوں کی قربانیوں کا سلسلہ جاری رہا، جنگ کے11 ویں روز لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان، میجر ضیاء الدین احمد عباسی اور لیفٹیننٹ حسین شاہ دشمن کے خلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئےشہیدہوئے۔ تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان سیالکوٹ کے محاذ پر کمانڈنگ آفیسر تھے جہاں ٹینکوں کی شدید لڑائی …
جنگ ستمبر 1965ء کے شہداء کو قوم کا سلام

مزید خبریں
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):جنگ ستمبر 1965ء کے شہداء کو قوم نے سلام پیش کیا ہے، 1965ء کی جنگ کے دوران جری جانبازوں کی قربانیوں کا سلسلہ جاری رہا، جنگ کے11 ویں روز لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان، میجر ضیاء الدین احمد عباسی اور لیفٹیننٹ حسین شاہ دشمن کے خلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئےشہیدہوئے۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان سیالکوٹ کے محاذ پر کمانڈنگ آفیسر تھے جہاں ٹینکوں کی شدید لڑائی ہوئی، اسی اثناء میں لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان دشمن کی گولیوں کا نشانہ بن گئے اور جام شہادت نوش کیا، لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان کوان کی بہادری کے اعتراف میں بعد از شہادت ستارہ جرأت کے اعزاز سے نوازا گیا۔
میجر ضیاء الدین احمد عباسی سیالکوٹ میں تعینات تھے جہاں قبضے کیلئے بھارت نے بھرپور حملہ کر رکھا تھا اوردشمن کا اگلا ہدف وزیرآباد تھا ، میجر ضیاء الدین احمد عباسی دشمن کے ارادوں کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن کر کھڑے ہو ئے اور ان کی دلیرانہ قیادت نے دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، میجر ضیاء الدین احمد عباسی اپنے ٹینک پر کھڑے تھے کہ دشمن کے فائر کی زد میں آ گئے اور جام شہادت نوش کیا، میجر ضیاء الدین احمد عباسی کو ان کے بہادری کے اعتراف میں بعد از شہادت ستارہ جرأت سے نوازا گیا۔
لیفٹیننٹ حسین شاہ بھی دشمن کے خلاف بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہادت کےعظیم رتبے پر فائز ہوئے، لیفٹیننٹ حسین شاہ کو بعد از شہادت بہادری کے اعتراف میں ستارہ جرأت سے نوازا گیا۔ لیفٹیننٹ کرنل عبدالرحمان،میجر ضیاء الدین احمد عباسی اور لیفٹیننٹ حسین شاہ کا نام جنگ ستمبر 1965 ء کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔








