میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی جرات، بہادری اور عظیم قربانی قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے 61ویں یوم شہادت پر پیغام
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی جرات، بہادری اور عظیم قربانی قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے 61ویں یوم شہادت پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی جرات، بہادری اور عظیم قربانی قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، قوم اپنے اس جری سپوت کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
جمعہ کو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے 61ویں یوم شہادت پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر مادر وطن کا دفاع کیا اور پانچ دن اور پانچ راتیں بے مثال دلیری اور عزم کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے ایسی لازوال مثال قائم کی جو تاریخ کے سنہری اوراق میں ہمیشہ زندہ رہے گی، ان کی بہادری اور قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نشان حیدر میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی بے مثال بہادری، شجاعت اور لازوال قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے سب سے اعلیٰ عسکری اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا، ان کی قربانی اس عزم کی عکاس ہے کہ وطن کی عزت، وقار، خودمختاری اور سلامتی ہر چیز سے مقدم ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوانوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطنِ عزیز کی سرحدوں اور سلامتی کا دفاع کیا ہے، مادر وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمارے حقیقی قومی ہیروز ہیں اور قوم ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے حوصلے، عزم اور حب الوطنی کا سرچشمہ ہیں، پوری قوم اپنے عظیم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے ان کی بے مثال خدمات اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔







