ڈنمارک کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا اشتہاری ملزم گرفتار

ڈنمارک کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا اشتہاری ملزم گرفتار

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں مطلوب اشتہاری ملزم ابراہیم خان کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ابراہیم خان اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل میں درج مقدمہ نمبر 290/2025 میں مطلوب تھا۔ ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شہریوں کو ڈنمارک کا ورک ویزا دلوانے کے نام پر فی کس 22 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا تھا اور متاثرین سے بھاری رقوم پہلے ہی وصول کر چکا تھا۔

ملزم بیرون ملک فرار ہونے کے لیے ائیرپورٹ پہنچا جہاں امیگریشن کلیئرنس کے دوران آئی بی ایم ایس سسٹم کی سٹاپ لسٹ میں نام سامنے آتے ہی اسے دبوچ لیا گیا۔

گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے متعلقہ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈائون جاری رہے گا۔

مزید خبریں