تل ابیب ۔9اکتوبر (اے پی پی):اسرائیلی وزیر دفاع یوایو گیلانٹ نے کہاکہ جنگ کے اصول بدل گئے ہیں، حماس اسرائیل پر حملے کے بعد 50 سال تک پچھتائے گی۔ اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق وزیر دفاع نے جنوبی اسرائیل کے اوفاکیم قصبے کا دورہ کیاجس پر فلسطینیوں نے حملہ کیا تھا۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ جنگ کے اصول بدل گئے ہیں اور حماس ہمارا جواب 50 سال تک فراموش نہیں کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی جوابی کارروائی آئندہ 50 سالوں تک لوگوں کے ذہنوں میں تازہ رہے گی اور حماس کو یہ لڑائی شروع کرنے پر پچھتاوا ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے اصول بدل چکے ہیں۔ غزہ کی پٹی جو قیمت ادا کرے گی وہ بہت زیادہ ہوگی۔
اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں کم از کم 100 اسرائیلیوں کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی پٹی میں 170 تک اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا جا چکا ہے۔
واضح رہےہفتہ کے روز شروع ہونے والی جنگ کے دو دنوں میں 700 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک اور 2200 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کیا ہے۔ جس کے نتیجے میں اب تک 370 فلسطینی شہید اور دو ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔