جنیوا میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جنیوا میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جنیوا۔23ستمبر (اے پی پی):انسان حقوق کی مختلف تنظیموں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 51ویں اجلاس کے دوران بھارتی حکومت اور بھارتی فوج کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر جاری مظالم کے خلاف احتجاج کیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 19 سے 21 ستمبر کے اجلاس کے دوران بروکن چیئر سکوائیر پر پوسٹرز آویزاں کیے گئے۔ان پوسٹرز کے ذریعے عالمی برادری کے سامنے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر جاری مظالم کو اجاگر کیا گیا۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کے خلاف بروکن چیئر سکوا ئیر پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے پوسٹرز، پلے کارڈز اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرین نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔