
اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جولائی میں ایف بی آر نے اپنے ہدف سے زیادہ محصولات اکٹھے کیے،کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایف بی آر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کے اور کرنٹ اکائونٹ کے خسارے کو ختم کرنا ترجیح ہے،ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے مستحکم ہو رہے ہیں ،زراعت، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ مالی سال کے دوران 7,200 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں ٹیکسوں کی مد میں 7,169 ارب روپے وصول کرنے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ 31 ارب روپے کا نہ ہونے والا شارٹ فال درآمدی کمپریشن اور غیر ملکی کرنسی میں اخراجات کی وجہ سے ہے۔ وزیر خزانہ نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران 538.6 ارب روپے اکٹھے کرکے 524 ارب روپے کے ہدف کو عبور کرنے پر ایف بی آر کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مالی سال 2023-24 کے جارحانہ ہدف جو کہ 9-10 ٹریلین روپے ہے حاصل کرنے کے لیے مزیدعزم اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اتحادی حکومت کے سخت مالیاتی اقدامات کا نتیجہ نکلا ہے کہ آج قومی ذخائر 13 سے 14 ارب ڈالر کے درمیان ہیں۔