جون میں ختم ہونے والے مالی سال کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ذریعے کمپنیوں نے 80 ارب روپے سرمایہ کاری حاصل کی ،رپورٹ

63
Pakistan Stock Market
Pakistan Stock Market

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):30 جون 2021 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے ذریعے کمپنیوں نے 80 ارب روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری حاصل کی ، ملک میں شرح سود میں کمی کے باعث زیادہ تر کمپنیوں نے اپنی پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کے لئے نئی سرمایہ کاری حاصل کی جبکہ قومی معیشت کی بہتر شرح نمو کے باعث بھی سرمایہ کاروں کی طرف سے نئی سرمایہ کاری کی گئی ۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے شعبہ کے سربراہ طاہر عباس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2021 کے دوران آئی پی اوز کی تعداد گزشتہ 14 سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہی ہے،دوران سال 8 مختلف کمپنیوں نے بک بلڈنگ اور انیشیل پبلک آفرنگ (آئی پی او) کے ذریعے 20 ارب روپے کی سرمایہ کاری حاصل کی ۔

مالی سال 2021 کے دوران پی ایس ایکس میں آئی پی اوز کی تعداد گزشتہ 14 سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہی ہے۔ مزید برآں 25 پرانی کمپنیوں کی جانب سے دوران سال رائٹ شیئرز کے اجرا سے 50 ارب روپے کی مزید سرمایہ کاری حاصل کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ایک کمپنی نے پی ایس ایکس کے ذریعے ڈیٹ ورتھ کی مد میں 11 ارب روپے بھی وصول کئے ۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان ایلومینیم بیوریج کینز نے 4.6 ارب روپے، آغا سٹیل انڈسٹریز نے 3.84 ارب روپے ، دی آرگینک میٹ کمپنی نے 800 ملین روپے، سٹی فارما نے 2.3 ارب روپے، سروس گلوبل فٹ ویئر نے 2.2 ارب روپے، اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز نے 3 ارب روپے ، پینتھر ٹائرز نے 2.6 ارب روپے جبکہ ٹی پی ایل ٹریکٹر نے 802 ملین روپے کاسرمایہ بذریعہ آئی پی اوز حاصل کیا ۔