لندن ۔8جولائی (اے پی پی):جوکووچ ومبلڈن کے 16 ویں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ سربین ٹینس لیجنڈ نوواک جوکووچ نے شاندار کم بیک دیتے ہوئے آسٹریلیا کے الیگز ڈے مینار کو سخت مقابلے کے بعد ہرا دیا ۔جوکووچ نے ومبلڈن کے سنٹر کورٹ پر آسٹریلیا کے الیگز ڈے مینار کو 1-6، 6-4، 6-4، 6-4 سے شکست دی اور اپنے کیریئر کا 16 واں ومبلڈن کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔میچ کے آغاز میں 38 سالہ جوکووچ پہلا سیٹ 1-6 سے ہار گئے تاہم بعد میں انہوں نے مسلسل تین سیٹ جیت لئے ۔
اس فتح کے ساتھ 7 بار کے چیمپئن جوکووچ ایک بار پھر ریکارڈ 25ویں گرینڈ سلیم ٹائٹل کی جانب گامزن ہیں، اگر وہ اتوار کو فائنل جیتتے ہیں تو وہ آل انگلینڈ کلب میں راجر فیڈرر کے 8 ٹائٹلز کے ریکارڈ کو بھی برابر کر دیں گے۔پہلے سیٹ میں جوکووچ نے چار ڈبل فالٹس کھیلیں تاہم دوسرے سیٹ میں واپسی کی کوشش کرتے ہوئے وہ جلدی بریک حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے مگر 19 منٹ پر محیط ایک طویل گیم کے دوران ڈے مینار نے چھٹے بریک پوائنٹ پر سروس بریک کر لی۔
میچ کا فیصلہ کن موڑ چوتھے سیٹ میں آیا، جب ڈے مینار نے 1-4 کی برتری حاصل کر لی مگر پھر دباؤ میں آ گئے اور پے در پے پانچ گیمز ہار گئے اور جوکووچ نے تین گھنٹے اور 18 منٹ کے بعد فتح سمیٹ لی۔ومبلڈن کے 16 کوارٹر فائنلز کھیلنے والے جوکووچ اس میدان میں فیڈرر کے 18 کوارٹر فائنلز کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں، اب کوارٹر فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ اٹلی کے 22ویں سیڈ فلیویو کوبولی سے ہوگا جبکہ ممکنہ سیمی فائنل میں ان کا ٹاکرا عالمی نمبر ایک یانیق سنر سے ہو سکتا ہے۔