جوہر آباد ، سموگ پر قابو پانے کے لئے اینٹی سموگ ایکٹ پر سختی سے عمل درآمدکیا جا ئے گا ،اے ڈی سی جنرل خوشاب

119

جوہر آباد۔ 04 نومبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل )خوشاب احمد صہیب قاضی نے کہا ہے کہ سموگ پر قابو پانے کے لئے اینٹی سموگ ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سموگ کے پیش نظر حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سموگ کنٹرول انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا.اجلاس میں ڈی او انڈسٹریز سمیت،محکمہ ماحولیات، میونسپل کمیٹی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)ڈپٹی کمشنر نےکہا کہ انڈسٹریل یونٹس، اینٹوں کے بھٹہ جات، فصلوں کی باقیات جلانے اور دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں کو فضائی آلودگی کا باعث نہیں بننے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کے انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں، سموگ کی روک تھام کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔