جیجو ایئر حادثے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع ، موان ایئرپورٹ پر پولیس کا چھاپہ

116
جیجو ایئر حادثے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع ، موان ایئرپورٹ پر پولیس کا چھاپہ

سیئول۔3جنوری (اے پی پی):جنوبی کورین پولیس نے موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جیجو ایئر کے دفتر میں چھاپہ مار کر طیارہ حادثے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔اردو نیوز کےمطابق جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر چائے سانگ موک نے کہا ہے کہ ملک میں چلائے جانے والے تمام بوئنگ 800-737 طیاروں کے خصوصی معائنے کے دوران کسی مسئلے کی نشاندہی پر فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اجلاس میں کہا کہ جیجو ایئر کی فلائٹ 7C2216 کے کاک پٹ وائس ریکارڈر کا ڈیٹا آڈیو میں تبدیل کرنے کا عمل جمعہ تک مکمل ہونا چاہیے۔قائم مقام صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے پیش آنے والے طیارے کے ماڈل کے حوالے سے عوامی تشویش کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت ٹرانسپورٹ اور متعلقہ اداروں کو آپریشن اور مینٹی ننس سٹڈی کا مکمل جائزہ لینا چاہیے۔

تحقیقاتی اداروں کے ماہرین رن وے کے اختتام کے بہت قریب نیویگیشن آلات کے لیے تعمیر کئے گئے کنکریٹ کے پشتے سے طیارے کے ٹکڑا کر دھماکے کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جیجو ایئر کےطیارے کا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر کو نقصان پہنچا ہے لیکن ریکارڈ کو ڈی کوڈ کرنے کے لئے امریکا بھیجا جا رہا ہے، جہاں فلائٹ ڈیٹا امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے تعاون سے خصوصی جانچ کے مراحل سے گزرے گا۔امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ ، امریکی فیڈریشن ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور طیارہ ساز بوئنگ کمپنی کے تحقیقاتی ماہرین جنوبی کوریا میں موجود ہیں تاکہ فضائی حادثے کی تحقیقات میں مدد کر سکیں۔

طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی باقیات لواحقین کے حوالے کی جا رہی ہیں۔جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر نے متاثرین کے خاندانوں کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کہا کہ طیارہ حادثہ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گمراہ کن پیغامات اور جعلی خبروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جیجو ایئر کے ترجمان نے بتایا کہ حکام نے طیارہ حادثے کی تحقیقات تیز کردی ہیں، افسوسناک حادثے میں 179 افراد ہلاک ہوئے تھے اورصورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔