اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی 14 اور 15 جون 2025 کومقامی ہوٹل کراچی میں ایک شاندار ’’جیمز اینڈ جیولری نمائش‘‘ کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ یہ نمائش مقامی نمائش کنندگان کو قیمتی، نیم قیمتی پتھروں، معدنی نمونوں اور اعلیٰ درجے کے زیورات (سونے، سفید سونے، چاندی) اور جواہرات سے مزین زیورات کی نمائش کے لیے ایک منافع بخش پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ یہ ایونٹ خریداروں اور فروخت کنندگان کے لیے بہترین مواقع کا دروازہ کھولے گا اور جواہرات و زیورات کے تاجروں، برآمد کنندگان و درآمد کنندگان کے لیے معاون ماحول فراہم کرے گا۔
نمائش کے دوران ملک کے معروف جیمز اینڈ جیولری کمپنیاں اپنے قیمتی جواہرات اور دیدہ زیب زیورات کی نمائش کریں گی، جن میں نیو ایرا جیولرز، ہیریٹیج جیولرز، بلالز – دی ڈائمنڈ اسٹور، سید جیولرز، دی ایمرالڈ روئیل کمپنی، حسین سنز جیولری (طارق روڈ)، نادیہ چھوٹانی ڈیزائنر جیولری، ہارون جیولری، روزاری، اور گلیکسی جیمولوجیکل انسٹیٹیوٹ شامل ہیں۔اس نمائش کی افتتاحی تقریب 14 جون 2025 کو دوپہر 1 بجے مقامی ہوٹل کراچی میں منعقد ہوگی، جس کا افتتاح وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، جناب ہارون اختر خان کریں گے۔
اس تقریب میں سفارتکار، سرکاری عہدیداران اور ممتاز تاجر حضرات شرکت کریں گے۔یہ نمائش پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کی جانب سے جواہرات و زیورات کے شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ایک مثبت قدم ہے، جو نہ صرف شعبے سے وابستہ افراد کو باہمی روابط قائم کرنے کا موقع فراہم کرے گی بلکہ طویل اور قلیل مدتی کاروباری معاہدات کے امکانات بھی پیدا کرے گی۔ یہ نمائش پاکستان کے جواہرات و زیورات کے شعبے کی اصل صلاحیت کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔