اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):پاکستان میں تعینات بیلجیئم کے سفیر چارلس ڈیلوگن نے کہا ہے کہ مزدوروں کے حقوق، انسانی حقوق اور ماحولیاتی تحفظ سمیت جی ایس پی پلس کے کنونشنز پر عملدرآمد یقینی بنا کر پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کو مزید بہترکر سکتا ہے۔ منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بیلجیئم سفارتخانہ کے ٹریڈ کمشنر عابد حسین بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔سفیر نے کہا کہ بیلجیئم یورپی یونین میں پاکستان کا پانچواں بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ تجارت، سائنسی تحقیق اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان کے لئے ناگزیر تھا کیونکہ اس نے پاکستان کو مزید مشکلات سے بچا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے یورپ کے ساتھ اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کیلئے یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں ہے اوراس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تعلیم یافتہ اور ہنر مند ورکرز بیلجیئم کی کمپنیوں کو براہ راست درخواست دے سکتے ہیں اور ان کا سفارتخانہ بیلجیئم کی کمپنیوں کی طرف سے ان کے انتخاب کی صورت میں ملازمت کے معاہدوں پر دستخط کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں لیکن دونوں ممالک کی باہمی تجارت صرف ایک ارب ڈالر سے کچھ زائد ہے جو دونوں کی اصل صلاحیت سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو مضبوط کرنے پر توجہ دیں تاکہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے نئے شعبے تلاش کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بیلجیئم پاکستان کے ساتھ زراعت، فوڈ پروسیسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور تعمیرات کے شعبوں میں بھی تعاون کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے تحت بہت سے سپیشل اکنامک زونز قائم کر رہا ہے ،بیلجیئم کے سرمایہ کار ان زونز میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی بیلجیئم کے سفارت خانے کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر ے گا۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیلجیئم ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں اپنی مہارت پاکستان کے ساتھ شیئر کرے جس سے ہماری معیشت بہتر ترقی کرے گی۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ یورپی یونین کے ممالک موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پانے میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔کاشف ظہیر، خالد چوہدری، اسلم کھوکھر، چوہدری عرفان، ملک شبیر، اکبر صدیق چغتائی، نگینہ خلیق، ناصرہ علی اور دیگر بھی موجود تھے۔