سیالکوٹ۔10مارچ (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ہونے والی ویمن ہینڈ بال انٹر ورسٹی چیمپئن شپ پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم نے جیت لی۔ٹورنامنٹ میں پورے پاکستان سے 12 ٹیموں نے 24 میچ کھیلے۔فائنل میچ پنجاب یونیورسٹی نے لاہور کالج یونیورسٹی سے انتہائی مشکل مقابلے کے بعد جیت لیاجبکہ تیسری پوزیشن کےلئے سپرئیر یونیورسٹی نے انتہائی کانٹے کے مقابلےمیں جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کو ایک گول سے ہرا دیا۔
فائنل کے بعد اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی جبکہ مہمان اعزازمیں چئیرمین یونیورسٹی آف سیالکوٹ فیصل منظور،ڈائریکٹر ایچ ای سی آصف حسین،سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی گلناز شہزادی، ویمن چیمبر سے شبینہ گیلانی اور مس لبنی تبسم،رانا ندیم ،چوہدری اشرف ،ایزی کلر کے جی ایم محمد شفیق،انور خواجہ انڈسٹریز کے خرم انو ر خواجہ ، کمٹ سپورٹس کے ریاض الدین شیخ ،مسکان ایڈور ٹائزنگ کے سیدذوالقرنین حیدر ،ٹیکنو سپورٹس سے طیب سعید ،روز ہ سپورٹس سے شیخ احمد سونی ،ریما سپورٹس سے شیخ دانش شامل تھے۔
ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسزاور کنوئنر سپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج نے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے ایونٹ کے تمام سپانسرز اور منتظمین کمیٹی کاخصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یونیورسٹی طالبات کےلئے آئندہ بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد کرتی رہے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے تمام سپانسرز کا شکریہ ادا کیااور ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر کنوئنر سپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواز منج اور ڈائریکٹر سپورٹس مس عطیہ الطاف سمیت تمام ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کے تعاون سے اتنا بڑا ایونٹ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور امید کرتےہیں کہ آئندہ بھی ہمیں سپورٹ کرتے رہیں گے ۔چیئر مین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف سیالکوٹ فیصل منظورنے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مستقبل میں دونوں یونیورسٹیاں باہمی تعاون سے مختلف تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جی سی ویمن یونیورسٹی کی فیکلٹی کے لئے ان کی لیبارٹریاں اور دیگر جدید سہولیات ہر وقت دستیاب ہیں وہ جب چاہیں فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ کھلاڑیوں کے لئے نقد انعامات کے ساتھ ساتھ انہوں نے کلاسک سکول اور یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں فیکلٹی اور سٹاف کے بچوں کےلئے خصوصی رعایت کا اعلان بھی کیا۔
ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن آصف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین ایچ ای سی یونیورسٹیوں میں طلبہ و طالبات کے لئے تعلیم و تحقیق کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے انعقاد کی بھی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ صحت مند اور پڑھا لکھا معاشرہ تشکیل پا سکے۔ڈائریکٹر سپورٹس عطیہ الطاف نے وائس چانسلر،ایچ ای سی،سپانسرز، پورے پاکستان سے آنے والی ٹیموں ،ٹیم کی تیاری کے لئے آنے والی کوچ اور ہینڈ بال فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا۔ رانا ندیم کی جانب سے یونیورسٹی کےلئے آر او پلانٹ کی تنصیب کا تحفہ دیا گیا
۔ فائنل میچ سے پہلے ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی کی جانب سے انٹرنیشنل ویمن ڈے کے حوالے سے واک بھی کروائی گئی جس میں سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی مس گلناز شہزادی، ویمن چیمبر سے شبینہ گیلانی اور مس لبنی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیموں ، ٹورنامنٹ ریفری اور دیگرسٹاف کو وائس چانسلر،ایزی کلر،یونیورسٹی آف سیالکوٹ اور مس گلناز شہزادی کی جانب سے نقد انعامات اور ٹرافیاں دی گئیں۔اس کامیاب ایونٹ کا انعقاد ایزی کلر،ریما سپورٹس، فارورڈ سپورٹس،ٹیکنو سپورٹس،کنگ بیوریجز،روزہ سپورٹس،مسکان ایڈورٹائزنگ سمیت سیالکوٹ کے دیگر صنعتی اداروں کے تعاون سےکیا گیا۔