جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے 55 محققین ٹاپ سائنسدانوں میں شامل

جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے 55 محققین ٹاپ سائنسدانوں میں شامل

فیصل آباد۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے 55 محققین دنیا کے ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں کی عالمی درجہ بندی میں شامل ہوگئے، جس کے نتیجے میں یونیورسٹی نے پاکستان کی جامعات میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق یہ عالمی درجہ بندی سٹینفورڈ یونیورسٹی اور ایلسویئر کے اشتراک سے جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق پاکستان کی 10 جامعات کے محققین اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں، جن میں 8 سرکاری اور 2 نجی جامعات شامل ہیں۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے 55 محققین کی شمولیت کو یونیورسٹی کی تحقیقی، علمی اور سائنسی سرگرمیوں اور عالمی سطح پر تحقیقی خدمات کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔ مختلف شعبہ جات میں یونیورسٹی کے محققین کی علمی و تحقیقی کاوشوں نے پاکستان کے تحقیقی تشخص کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ 55 محققین کا دنیا کے ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں میں شامل ہونا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی بڑھتی ہوئی تحقیقی صلاحیت اور عالمی علمی منظرنامے میں اس کے نمایاں مقام کا مظہر ہے ۔

وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے والے تمام فیکلٹی ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز یونیورسٹی کے لیے باعثِ فخر اور محققین کی علمی و تحقیقی خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں تحقیقی کلچر کے فروغ، جدت و اختراع کی حوصلہ افزائی اور محققین کو سازگار علمی ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور تحقیق و اعلیٰ تعلیم کے میدان میں قومی و عالمی سطح پر یونیورسٹی کا کردار مزید موثر بنایا جائے گا۔