پشاور۔ 19 نومبر (اے پی پی):ریسکیو1122 خیبر پختونخوا میں ٹریفک حادثات کے عالمی دن کے حوالے سے ریسکیو1122 نے رواں سال کی ٹریفک حادثات کی رپورٹ جاری کردی۔ ڈاکٹر خطیر احمد ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے بتایا کہ ریسکیو1122 نےصوبے بھر میں 19710 مختلف نوعیت کے ٹریفک حادثات میں خدمات فراہم کیں، جس میں ہزاروں افراد زخمی جبکہ سینکڑوں جاں بحق ہوئے،اس دوران سب سے زیادہ حادثات پشاور 4489 میں پیش آئے جبکہ مردان 3002 ، نوشہرہ 1555، ڈیرہ اسماعیل خان 1110، سوات 1016 سمیت دیگر ضلعوں میں پیش آئے،
صوبے بھر میں پیش آنے والے واقعات تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے کی وجہ سے پیش آئے۔ ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو1122 عوام الناس کو موقع پر طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مزید علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 ٹریفک حادثات میں کمی کے لیے عوام الناس میں آگاہی کے لیے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے،
سکول و کلاسز سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو طبی امداد کی تربیت سمیت حادثات سے پیش آنے والے نقصانات سے بھی آگاہی دے رہی ہے، عوام الناس بھی ٹریفک قوانین کی پاسداری کرکے اور صبر و تحمل کا استعمال کرتے ہوئے ڈرائیونگ کریں اور تیز رفتاری سے گریز کریں کیونکہ تیز رفتاری کسی بھی بڑے حادثے کو جنم دے سکتی ہے، آئیں ریسکیو1122 کے ساتھ مل کر محفوظ معاشرے کے قیام کو یقینی بنائیں۔