اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ حارث رئوف کو عظیم کرکٹر بننے کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہوگی، ٹیسٹ کرکٹ بڑے کھلاڑیوں کا کھیل ہے۔
غیر ملکی میڈیا سے انٹرویو کے دوران سابق فاسٹ بائولر وسیم اکرم نے کہا کہ وائٹ بال کے کئی سپیشلسٹ کھلاڑی موجود ہیں، ٹی20 فارمیٹ بہت آسان ہے، جہاں آپ کو صرف چار اوورز ڈالنے ہوتے ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ بڑے کھلاڑیوں کا کھیل ہے جو لمبی ریس جیسا ہے ، اس میں آٹھ اوور کا سپیل کرانا ہوتا ہے۔
اگر حارث رئوف کو عظیم کرکٹر بننا ہے تو انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کرنا ہوگی۔ وسیم اکرم نے دورہ آسٹریلیا سے متعلق سوال پر کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ نئے کپتان شان مسعود کے لئے مشکل ہوگا، 1995 کے بعد سے پاکستان نے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا، نئے کپتان اور نئی مینجمنٹ کے ساتھ ٹیم کو ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگے گا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں ناقص پرفارمنس کے بعد حارث رئوف نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے سے معذرت کر لی تھی۔