حجاج کرام کو گرمی سے بچانے کےلئے منٰی میں ٹھنڈی سڑک کی تعمیر

مکہ مکرمہ۔ 26 جولائی (اے پی پی) سعودی اور جاپانی ماہرین نے منٰی میں شیطان کو کنکریاں مارنے کے لئے جانے والی 16 کلومیٹر لمبی سڑک کوحاجیوںکی سہولت کے لیے ایسا تعمیر کیا ہے جس پر چلنے سے ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق منٰی میں شیطانوں (جمرات ) تک پیدل جانے والے راستے کو جاپانی اور سعودی اشتراک سے خصوصی طور پر ایسے مواد سے تیار کیا گیا ہے جو گرمی کی حدت کو جذب کرنے کے بجائے درجہ حرارت کو کم کردیتا ہے۔مکہ مکرمہ بلدیہ میں متعین مشاعر مقدسہ کے امور کے ڈائریکٹر انجینیئر احمد منشی نے میڈیا سے گفتگو میںبتایا کہ اس سال جاپانی کمپنی سومیٹومو کے اشتراک سے جو منصوبہ لانچ کیا گیا ہے اس سے حجاج کرام کو کافی سہولت ہو گی۔انجینیئر کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے پیدل چلنے والی شاہراہوں پر ایسا مواد بچھایا گیا ہے جس سے درجہ حرارت 15 سے 20 ڈگری سیلسس تک کم کیا جاسکے گا۔