حج امت مسلمہ کی وحدت کی علامت ہے ، حافظ محمد طاہر محمودا شرفی

اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور انٹر نیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہا ہے کہ حج امت مسلمہ کی وحدت کی علامت ہے ، سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے بلا تفریق حجاج کرام کیلئے انتظامات قابل ستائش عمل ہے،خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے فلسطینی شہداء اور نیوزی لینڈ کے …

اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور انٹر نیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہا ہے کہ حج امت مسلمہ کی وحدت کی علامت ہے ، سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے بلا تفریق حجاج کرام کیلئے انتظامات قابل ستائش عمل ہے،خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے فلسطینی شہداء اور نیوزی لینڈ کے زخمی اور شہداء کے ورثا کو حج کی خصوصی دعوت ایک درست سمت قدم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب روانگی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہی۔طاہراشرفی نے کہا کہ حج پر سیاسی اور فرقہ وارانہ نعرے شرعاً جائز نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے ، خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے فلسطینی شہداء اور نیوزی لینڈ کے زخمی اور شہداء کے ورثا کو حج کی خصوصی دعوت ایک درست سمت قدم ہے جس سے امت مسلمہ کی وحدت اور مظلومین سے نہ صرف یکجہتی کا اظہار ہوتا ہے بلکہ سعودی عرب سمیت پورے عالم اسلام کے انتہاء پسندی و دہشت گردی کے خلاف موقف واضح ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی قیادت سعودی عرب کے پاس ہے اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایمان اور اخوت کا مضبوط رشتہ ہے جو سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے مزیدمضبوط ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے سعودی عرب کا اہم کردار ہے اور وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر و فلسطین حل ہوں اور اسلامی ممالک میں فتنہ برپا کرنے والی انتہاء پسند اور دہشت گرد تنظیموں اور گروہوں کا خاتمہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان کو روڈ ٹو مکہ المکرمہ پروگرام میں شامل کر کے پاک سعودی عرب دوستی کی محبتوں میں اضافہ کیا ہے جس پر پاکستانی قوم سعودی عرب کی حکومت کی شکر گذار ہے۔