حج انتظامات خوش اسلوبی سے جاری ہیں، تربیت کا پہلا مرحلہ27فروری کو ختم ہوگا، دوسرا رمضان المبارک کے بعد شروع ہوگا، ترجمان وزارت مذہبی امور

103
Ministry of Religious Affairs
Ministry of Religious Affairs

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ حج انتظامات خوش اسلوبی سے جاری ہیں، تربیت کا پہلا مرحلہ27فروری کو ختم ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ رمضان المبارک کے بعد شروع ہوگا، حج فلائٹ شیڈول رمضان المبارک کے بعدشوال میں جاری کردیا جائے گا۔ پیرکو وزارت مذہبی امورکے ترجمان عمر بٹ نے’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کو حج تربیت کا پہلا مرحلہ خوش اسلوبی سے جاری ہے جو 27 فروری تک جاری رہے گا، یہ ایک روزہ تربیت ہے ، تین سے چار گھنٹے میں تربیتی عمل مکمل ہونا ہے، (کل ) منگل 18 فروری کو قلعہ عبداللہ، رحیم یار خان، فیصل آباد، مالا کنڈ، سکردو، اپردیر، لوئر دیر اور ژوب میں تربیتی پروگرام مرتب کئے گئے ہیں۔

19 فروری کو قلعہ سیف اللہ، سیالکوٹ، نارووال اورچمن،20 فروری کو نارووال، راجن پور، شانگلہ اور سوات،21 فروری کو بارکھان اور ڈی جی خان،22 فروری کو لیہ اور لورا لائی،23 فروری کو گھوٹکی، مظفر گڑھ،24 فروری کو لورا لائی، مظفرگڑھ اور نوشہرو فیروز،25 فروری کو دادو، جام شورو اور زیارت،26 فروری کو لاڑکانہ، کوئٹہ اور شہداد پور جبکہ 27 فروری کو آخری دن کشمور، خیرپور،جیکب آباد اور سکھر میں ہوگی۔ اسی طرح حج تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔ دوسرے مرحلے میں حج تربیتی پروگرام رمضان المبارک کے بعد شروع ہوگاجس میں انتظامی امور اور مناسک حج کی ادائیگی کے حوالے سے تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 14فروری تک سرکاری سکیم کے 80ہزار حاجیو ں نے حج واجبات کی تیسری قسط جمع کرادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کا اگلہ مرحلہ ویکسینز اور ادویات کی خریداری کا ہوگا جس کے لئے اشتہارات شائع ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور عازمین کی بائیو میٹرک کا شیڈول پاک حج موبائل ایپ پر جاری کرے گی ، عازمین گھر بیٹھے سعودی ویزہ بائیو ایپ کے ذریعے ویزےکے لئے درخواست دے سکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد شوال میں حج فلائٹ شیڈول جاری کردیا جائے گا۔