حج 2026،عید کے فوری بعد عازمین حج کے لئے دوسرے تربیتی مرحلے کا آغاز،حج ویزہ ،فضائی ٹکٹس اور ویکسی نیشن کا عمل جلد شروع ہوگا

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حجاج کرام کی سہولت اور خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ، حجاج کرام اور خدام الحجاج اپنے مثبت طرز عمل سے سعودی عرب میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کریں۔ وہ وزارت مذہبی امور میں حج تیاریوں کے سلسلے میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری …

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حجاج کرام کی سہولت اور خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ، حجاج کرام اور خدام الحجاج اپنے مثبت طرز عمل سے سعودی عرب میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کریں۔ وہ وزارت مذہبی امور میں حج تیاریوں کے سلسلے میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور حج ونگ افسران نے مختلف امور بریفنگ دی ۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ حجاج کرام کے لیے پاکستان اور سعودی عرب میں مثالی انتظامات کیے جائیں،حجاج کرام اور خدام الحجاج اپنے مثبت طرز عمل سے ملکی وقار میں اضافہ کریں۔ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور نے بتایاکہ عازمینِ حج اور خدام الحجاج کی لازمی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔107 شہروں میں 183 تربیتی ورکشاپس کے ذریعے عازمین حج کو مناسک حج اور انتظامی امور پر تربیت فراہم کی گئی۔ایک روزہ حج تربیت کا دوسرا مرحلہ عید الفطر کے فوری بعد شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امسال عازمینِ حج کو ویکسین کی فراہمی، فضائی ٹکٹ اور ویزہ کا اجرا جلد شروع کیا جائے گا۔ ڈی جی حج مکہ نے اجلاس کو بتایا کہ عازمین حج کی رہائش گاہوں، ٹرانسپورٹ، منی کے خیمے، خوراک کے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں ۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش گاہیں گزشتہ سال سے بہتر حاصل کی گئی ہیں۔سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ منی، عرفات کے مکاتب اور مشاعر کے انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ حجاج کرام کی قدم بہ قدم سہولیات اور خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے ، ہمارا مقصد حجاج کو پاکستان اور سعودی عرب دونوں جگہوں پر مثالی میزبانی فراہم کرنا ہے۔