حریت رہنما یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے مشال ملک کا بیان

138
مشعال ملک کی حریت رہنما الطاف شاہ کی تہاڑ جیل میں دوران حراست وفات پر مودی حکومت پر کڑی تنقید

اسلام آباد ۔ 20مارچ (اے پی پی) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ حریت رہنما یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اتنا بڑا لیڈر اور مرد مجاہد یاسین ملک موت کے منہ میں ہیں۔ مشال ملک نے جمعہ کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ یاسین ملک نے اپنی وصیت دنیا کیلئے بھجوا دی ہے۔ انہوں نے واضح کردیا ہے کہ وہ کسی صورت سرنڈر نہیں کریں گے۔ یاسین ملک نے اپنی موت کے بعد جسمانی اعضاء عطیہ کرنے کی وصیت بھی کی ہے۔ مشال ملک نے کہا کہ اس دلیر لیڈر نے موت کے بعد اپنا جسم بھی کشمیری قوم کیلئے وقف کردیا ہے۔ کشمیریوں کی آزادی کیلئے یاسین ملک نے اپنی جوانی اپنا خاندان قربان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جدوجہد آزادی میں اتنا زیادہ ظلم و جبر نہیں ہوا ہوگا جتنا کشمیر میں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک یاسین ملک کو شہید کیا گیا تودنیا بھرمیں سینکروڑوں یاسین ملک سامنے آئیں گے۔ مشال ملک نے کہا کہ کشمیر میں مظالم پر خاموش عالمی برادری کی اکثریت لاک ڈاؤن میں چلی گئی ہے۔ مشال ملک نے کہا کہ دنیا کشمیریوں پر بیہمانہ مظالم پر گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کے بعد لاک ڈاؤن کی صورتحال عالمی برادری کیلئے سوچنے کا وقت ہے، دنیا کئی مہینوں سے لاک ڈاؤن میں ظلم کے شکارکشمیریوں کا ساتھ کیوں نہیں دے رہی۔ مشال ملک نے کہا کہ دنیا موجودہ صورتحال میں انسانیت کیلئے آواز بلند کرے۔