اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):حسابات جاریہ کے کھاتوں میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے، فروری میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 128 روپے فاضل رہا،جاری مالی سال میں تجارتی خسارہ میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ حتمی اعدادوشمارکے مطابق فروری 2024 میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 128 ملین ڈالرفاضل رہا ہے جو جنوری میں 303ملین ڈالرخسارے میں تھا۔
جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 999 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.846 ارب ڈالرتھا۔جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں تجارتی خسارہ کاحجم 13.54 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 38.18فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت مین تجارتی خسارہ کاحجم 18.71 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا، فروری 2024میں تجارتی خسارہ کاحجم 1.719 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال فروری میں 1.678 ارب ڈالرتھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملکی برآمدات کاحجم 20.53 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے
جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10.15فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی برآمدات کاحجم 18.64 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا، فروری میں ملکی برآمدات سے 2.55 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جوجنوری میں 2.69 ارب ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 2.199ارب ڈالرتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں ملکی درآمدات کاحجم 34.07ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.61فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی درآمدات پر37.35 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا، فروری میں ملکی درآمدات کاحجم 4.27 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوجنوری میں 4.55 ارب ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 3.87 ارب ڈالرتھا۔