حسن ابدال ،تھانہ صدر حسن ابدال پولیس پر فائرنگ،زیرِ حراست ملزم ساتھی ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک

حسن ابدال ،تھانہ صدر حسن ابدال پولیس پر فائرنگ،زیرِ حراست ملزم ساتھی ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک

حسن ابدال۔ 24 جون (اے پی پی):تھانہ صدر حسن ابدال پولیس پر فائرنگ،قتل کے مقدمہ میں زیرِ حراست ملزم ساتھی ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ھو گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر حسن ابدال پولیس کی ٹیم قتل کے مقدمہ میں زیرِ حراست ملزم رفیع اللہ ولد مظفر سکنہ مردان حال غرشین تحصیل حسن ابدال ضلع اٹک سے آلۂ قتل کی برآمدگی کے لیے کارروائی کر رہی تھی کہ اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے اچانک پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے دوران حملہ آوروں نے زیرِ حراست ملزم کو پولیس کی حراست سے زبردستی چھڑا کر فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس ٹیم نے فوری طور پر حکمتِ عملی اپناتے ہوئے تعاقب شروع کیا، تعاقب کے دوران ملزمان کی جانب سے دوبارہ فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں زیرِ حراست ملزم رفیع اللہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گیا،زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر حسن ابدال پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔