فیصل آباد ۔ 15 جولائی (اے پی پی):معروف شاعرہ ڈاکٹر شاہدہ یوسف نے کہا کہ دین اسلام کی سر بلندی کے لئے حضرت امام حسین ؓ کی لازوال قربانی ہمیں احکام الٰہی اور سنت نبویؐ کی پیروی کا عظیم درس دیتی ہے۔ انہوں نے فیصل آباد نے یونیورسٹی کے شعبہ علوم ا سلامیہ کے زیر اہتمام’’ مناقب اہل بیت اطہار علیہم السلام ‘‘کے موضوع پر خواتین کے لئے منعقدہ محفل مشاعرہ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی روحانی و دینی محافل کا انعقاد ہماری نوجوان نسل بالخصوص طالبات کی کردار سازی کے لئے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت و عقید ت میں روحانی محفل کے انعقاد پر یونیورسٹی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ مشاعرے میں فیصل آباد کی نامور شاعر ڈاکٹر نسیم صحرائی،ڈاکٹر طاہرہ انعام، ڈاکٹر شمیم ظفر رانا، شمائلہ صدف، نوید کوثر، ثمینہ رئیس نشیب، صفیہ حیات اور گلفام نقوی نے اپنا کلام پیش کیا۔ تمام شاعروں نے اپنے کلام کے ذریعے پر تاثیر انداز میں حضرت امام حسین ؓ اور اہل بیت اطہار علیہم السلام کی میدان کربلا میں بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محفل مشاعرہ میں یونیورسٹی کی فیکلٹی ممبران و طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔معروف نعت خواں عائشہ بتول نے منقبت اور ہدیہ درود وسلام پیش کیا اور خصوصی دعا بھی کرائی۔