اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید میلاد النبی ﷺ کے باسعادت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی ذات گرامی پوری انسانیت کے لیے امن، محبت اور رحمت کا باعث ہے، آپ ﷺ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کی پیروی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے باسعادت موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ ہمیں انصاف، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے، آپ ﷺ کی ذات اقدس پوری کائنات کے لیے باعث رحمت اور مینارہ نور ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک ایسا مثالی معاشرہ قائم کر سکتے ہیں جو عدل و انصاف اور مساوات پر مبنی ہو جہاں ہر شخص کو امن و انصاف میسر ہو۔
سپیکر نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اسلامی تعلیمات اور اقدار کے مطابق زندگی بسر کریں، فرقہ واریت، تشدد اور نفرت کو مٹا کرمضبوط اور متحد قوم بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے رشد و ہدایت کا سر چشمہ ہے، اس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے ہدایت کاسرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عہد کرنا چاہیے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کیلئے توفیق عطا فرمانے اور ملک کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی دعا کی۔