حضور ﷺکی ولادت باسعادت کا دن مذہبی جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے

145
Eid Milad-ul-Nabi ﷺ
Eid Milad-ul-Nabi ﷺ

شیخوپورہ۔ 17 ستمبر (اے پی پی):شیخوپورہ میں سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ۔عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر شیخوپورہ میں جلوس و محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے مرکزی جلوس میلاد کمیٹی سے برآمد ہوا اور لاہور سرگودھا روڈ سے ہوتا ہوا بتی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔جلوس میں عاشقان رسول بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور آقا دو جہاں کی زات اقدس پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا ۔ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام خدیجہۃ الکبری ہال میں محفل میلاد کا بھی انعقاد کیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد عثمان جلیس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں مردو خواتین شریک ہوئے ، سبز اور سفید لباس زیب تن کیے طالبات نے نبی کریم ﷺکی شان میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کیے تو ہال درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھا ، محفل میلاد کے اختتام پر فلسطینیوں کی آزادی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔