حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا رہے گا،چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی کا واشنگٹن میں پاکستانی سفاتخانہ کی تقریب سے خطاب

65

واشنگٹن ڈی سی۔7اکتوبر (اے پی پی):پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، پاکستان کشمیریوں کے اس حق کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت کی طرف سے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور ظلم و ستم کے خلاف واشنگٹن میں پاکستانی سفاتخانہ کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، ڈاکٹر غلام نبی فائی،

پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان اور کثیر تعداد میں پاکستان و کشمیری امریکن کمیونٹی نے شرکت کی۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم اور معصوم کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کرنے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضے کو دنیا کے سامنے بار بار اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی اور ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے لانے اور بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کوششوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور موجودہ خوفناک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو بحث کے لیے کئی بار اٹھایا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، اقوام عالم کا فرض ہے کہ کشمیریوں پر جاری بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف اور انسانی حقوق کی بحالی کے لیے بھارت پر دبائوڈالے۔ اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے کہا کہ گزشتہ 74 سالوں میں بھارت کشمیریوں کی آزادی کے حصول کے عزم کو کم کرنے میں مکمل طور پرناکام رہا ہے،

پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے اور ہمیشہ کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 27 کا دن بھارتی حکومت کے مذموم عزائم کی نمائندگی کرتا ہے، اس دن بھارتی سکیورٹی فورسز نے 1947 میں جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضہ کیا۔