حق خودارادیت کے حصول اور بھارت کے غیرقانونی قبضے سےآزادی کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو گی،پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا اقوام متحدہ کیمونٹی کے نام پیغام

55
حق خودارادیت کے حصول اور بھارت کے غیرقانونی قبضے سےآزادی کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو گی،پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا اقوام متحدہ کیمونٹی کے نام پیغام

اقوام متحدہ۔4فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول اور بھارت کے غیرقانونی قبضے سےآزادی کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔

انہوں نے گزشتہ روز نیویارک میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اقوام متحدہ کیمونٹی کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر پاکستان ک شہ رگ اور ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ بھارتی جارحیت اور دبائو کے خلاف اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہی ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں حق خود ارادیت کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ 1948 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں اس بات کو واضح کیا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے ریاست کے عوام کی خواہشات کے مطابق کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے حقوق کی پرزور وکالت کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور دنیا کو باور کرایا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور سلامتی کے لیے تنازعہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس بات کی دوبارہ توثیق کی ہے کہ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کا موقف اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل نے گزشتہ 2سالوں کے دوران جموں و کشمیر کی صورتحال پر غور کے لیے 3 اجلاسوں کا انعقاد کیا ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر و انسنای حقوق کے دیگر ماہرین، خصوصی مندوبین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے کئی مواقع پر جموں و کشمیر میں وسیع پیمانے پر بھارتی مظالم ، جارحیت اور جرائم پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیویارک میں پاکستان کا مستقل مشن ہر فورم پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی وکالت اور اسے فروغ دینے اور جموں و کشمیرمیں بھارت کے ظالمانہ جبر اور غیرقانونی قبضے کو بے نقاب کرتا رہے گا۔