اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن قانون کے مطابق خود ہی اسے عوام کے سامنے پیش کرے گا تاکہ اس پر تجاویز یا اعتراضات جمع کروائے جا سکیں۔ اس حوالے سے اخبارات اور چینلز پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پیر کو جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے کام مکمل ہونے پر اس پر اعتراضات وصول کئے جائیں گے اور اس کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ عوام کو اعتراضات اور تجاویز جمع کرانے کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا جائے گا جس کے بعد الیکشن کمیشن ایک ماہ تک ان کی سماعت کرے گا اور پھر حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 3 مئی 2018ءکو چھاپ دی جائیں گی۔