اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ کو سندھ حکومت کی کرپشن اور اندھیر نگری کو بے نقاب کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، جمہوریت اور اظہار رائے کا لاگ الاپنے والے سندھ کے اپوزیشن رہنما کی آواز کو خاموش کرنا چاہتے ہیں۔
اتوار کو سینٹر شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری سندھ حکومت اور حکومتی مشینری پی ٹی آئی کے ٹائیگر حلیم عادل شیخ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ وہ عمران خان کے سپاہی ہیں، کرپشن اور ناانصافی کے خلاف عمران خان کا علم پوری قوت سے تھامے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ کا انفراسٹرکچر تباہ حال جبکہ تعلیمی ادارے مویشیوں کے باڑے بن چکے ہیں، حلیم عادل شیخ سندھ کے عوام کی آواز بنتے رہیں گے۔