لاہور۔2جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے جمعرات کو سروسز ہسپتال لاہور میں قائم ’’اینٹی ریپ کرائسز سیل‘‘ کا دورہ کیا۔ ترجمان کے مطابق اس دورے کا مقصد سیل میں فراہم کی جانے والی طبی، قانونی اور نفسیاتی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔ حنا پرویز بٹ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ پنجاب وزیراعلی مریم نواز شریف کا وژن ہے اور اس کو آگے بڑھانے کے لئے ہم دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی ریپ کرائسز سیل کا قیام پنجاب حکومت کی جانب سے خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
اس سیل میں متاثرہ افراد کو ایک ہی چھت تلے طبی معائنہ، قانونی راہنمائی اور ماہرینِ نفسیات کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ متاثرین کو فوری مدد اور انصاف یقینی بنایا جا سکے۔ حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ اس ماڈل کو پورے پنجاب میں پھیلانے کی ضرورت ہے تاکہ ہر متاثرہ فرد کو بروقت مدد مل سکے۔
انہوں نے خصوصی عدالتوں کے قیام اور مجرموں کو سخت سزائیں دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دورے کے دوران حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ’’میرا خواب ہے کہ پنجاب کی ہر عورت اور بچی بلا خوف و خطر اپنی زندگی گزار سکے۔ اگر رات کے 2 بجے بھی کوئی لڑکی باہر نکلے تو کوئی اس کی طرف آنکھ اٹھا کر نہ دیکھ سکے۔ یہ مشن تنہا ممکن نہیں، اس کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے واقعات کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دی جائے تاکہ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ خواتین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گی اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔