اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے حوالے سے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے سٹیٹ بینک سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 5 ملزمان گرفتار کر لئے۔
گرفتار ملزمان میں نجی بینک کا منیجر بھی شامل ہے۔ ملزمان کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع نجی بینک کی برانچ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کی شناخت وسیم اکرم، محمد ارسلان، محمد عدیل، محمد شیراز اور محمد شاہد کے نام سے ہوئی۔ ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کی خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔
چھاپہ مار کارروائی میں ملزمان سے 20 ہزار برطانوی پائونڈ، 4500 امریکی ڈالر اور 88 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی برآمد کی گئی۔ ملزمان سے 5 عدد موبائل فون بھی برآمد کر لئے گئے۔ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے جو برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔