حکومتوں کے تعاون سے منشیات کے دھندے میں ملوث مگرمچھوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے ، وفاقی وزیر سیفران و انٹی نارکوٹیکس شہر یار آفریدی

98

کوئٹہ۔یکم جولائی(ا ے پی پی)وفاقی وزیر سیفران و انٹی نارکوٹیکس شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ منشیات کا عفریت پاکستان کیلئے دہشت گردی کی طرح بہت بڑا چیلنج ہے۔ اس ناسور کے خاتمہ کیلئے ملک بھر میں مہم چلائیں گے۔اے این ایف اور دیگر ادارے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے منشیات کے دھندے میں ملوث مگرمچھوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر عبرت کا نشان بنائیں گے ملزمان کو سزا دلوانے کیلئے ضروری قانون سازی کرینگے۔ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ان بڑے مگرمچھوں کو عبرت کانشان بنائیں گے جو اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں اے این ایف کے زیر اہتمام مختلف کارروائی کے دوران پکڑی جانے والی منشیات کی تلفی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے اور نوجوان منشیات فروشوں کا ٹارگٹ ہیں۔ امتحانات میں اعلی گریڈز اور اچھی نوکری کے چکر میں نوجوان منشیات کا شکار ہورہے ہیں۔ ہمارے نوجوان پاکستان کا سب سے اہم اثاثہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ویڑن کے مطابق نوجوانوں کو منشیات کے عفریت سے بچانے کیلئے آگہی مہم چلائیں گے منشیات کے عفریت سے بچوں کو بچانے کیلئے والدین اور معاشرے کو اہم کردار ادا کر نا ہوگا۔