اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):حکومتی اشیا اور خدمات کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے ۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024 میں حکومتی اشیا اور خدمات کی برآمدات سے ملک کو 1.175 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 6 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2023 میں حکومتی اشیا اور خدمات کی برآمدات سے ملک کو 1.112 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ جون 2024 میں حکومتی اشیا اور خدمات کی برآمدات کا حجم 89 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سا ل جون کے مقابلہ میں 25 فیصد کم ہے۔
گزشتہ سال جون میں حکومتی اشیا اور خدمات کی برآمدات کاحجم 119 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔ مئی کے مقابلہ میں جون میں حکومتی اشیا اور خدمات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 6 فیصد کی کمی ہوئی ۔ مئی میں حکومتی اشیا اور خدمات کی برآمدات سے ملک کو 95 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو جون میں کم ہو کر 89 ملین ڈالر ہو گیا۔