حکومت آئندہ مالی سال 2021-22ء کے بجٹ میں عوام کی امنگوں اور امیدوں پر پورا اترے گی، وزیر مملکت زرتاج گل کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

163

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال 2021-22ء کے بجٹ میں عوام کی امنگوں اور امیدوں پر پورا اترے گی، ترقیاتی منصوبوں میں مزید تیزی لائیں گے اور عام آدمی کا معیارزندگی بہتر بنایاجائے گا۔جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ عوام دوست ہوگا اور اس میں عوام کو ریلیف ملے گا، ماضی میں محروم رہنے والے علاقوں کیلئے ترقیاتی کام کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت عوام کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے پوری طرح کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مسائل کے حل کیلئے سیاسی مخالفین کی طرف سے رکاوٹوں کے باوجود ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے، حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ اگلے مالی سال میں بھی بھرپور طریقے سے جاری رہے گا، حکومت کے پانچ سالہ دور میں عوام کی زندگی پر مثبت اثرات پڑیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں زرتاج گل نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ قومی دولت لوٹنے کی بجائے عوام کو صحت، تعلیم ، انصاف کی فراہمی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائے، وزیراعظم عمران خان نے 2018ء کے عام انتخابات کی انتخابی مہم سے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد سڑکوں کی بہتری اور انسانی سرمائے پر توجہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں، حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کو فائدہ ہوگا ، یہ ایک بہت بڑا عوامی منصوبہ ہے۔