اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ، سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت آنے والی دو ہفتوں میں مہنگائی کو کم کردے گی۔منگل کوایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں گندم کی کمی نہیں ہے،حکومت سندھ نے گندم کو جاری نہیں کیا تھا، جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔مہنگائی اور ضروری اشیاء کی قلت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کو متاثر کیا ہے۔وزیر نے بتایا کہ اشیا ضروریہ کی طلب اور رسد میں فرق آنا بتایا گیا ہے تاہم پاکستان میں ، انہوں نے کہا کہ گندم سمیت کھانے پینے کی کی اشیاء کی کوئی کمی نہیں ہے۔شبلی فراز نے یقین دلایا کہ ملک میں گندم کی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں ، انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل بلا تفریق جاری رہے گا۔ وزیر نے کہا کہ احتساب ،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے منشور کا اہم حصہ ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) ، منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا چاہتی ہے۔